کرک کے علاقے عباسیہ خٹک میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کم از کم 14 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ اس آپریشن کے دوران تین فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی، جس کا مقصد علاقے میں موجود دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو نشانہ بنانا تھا۔ سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ کئی گھنٹے جاری رہی، جس میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے قریبی دیہات میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ کرفیو کل دوپہر 2 بجے تک برقرار رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد مختلف حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید ممکنہ سہولت کاروں اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
حکام کے مطابق اس آپریشن سے دہشتگردوں کے حوصلے پست ہوئے ہیں اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
دیکھیں: ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا پاک سعودیہ دفاعی معاہدے کا خیر مقدم