رحیم یار خان: پاک فوج نے کچے کے علاقے میں مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپ لگایا، جہاں 300 سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا گیا۔
میڈیکل کیمپ میں مردوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت علاقے کے مختلف افراد نے طبی سہولتوں سے استفادہ کیا۔ اس موقع پر ماہر طبی عملے نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں ضروری ادویات فراہم کیں۔
کیمپ میں لوگوں کو طبی مشاورت بھی دی گئی اور ان کے صحت سے متعلق مسائل سنے گئے۔ طبی عملے نے مریضوں کو ان کی صحت کے حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کی۔
اہلِ علاقہ نے پاک فوج کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوج مشکل اور دور دراز علاقوں میں بھی عوامی خدمت کے لیے پیش پیش رہتی ہے۔
مقامی افراد نے اپیل کی کہ کچے کے علاقے اور دیگر دور دراز علاقوں میں بھی ایسے مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھا جائے تاکہ مزید لوگوں کو طبی سہولتیں میسر آسکیں۔





