پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی اور سائبر کرائم میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، پولیس ٹریننگ اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باضابطہ معاہدہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان اور سوڈان کے وزرائے داخلہ کی اسلام آباد میں ملاقات

پاکستان اور سوڈان میں سکیورٹی، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ اور نادرا کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، سائبر کرائم معاہدے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔

November 7, 2026

پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، پولیس ٹریننگ، داخلی امور، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے سائبر کرائم کے خلاف مشترکہ تعاون کے لیے جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

یہ پیشرفت اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی کی ملاقات کے دوران سامنے آئی، جس میں دونوں ممالک کے وفود نے مختلف امور پر تفصیلی مذاکرات کیے۔

ملاقات میں محسن نقوی نے سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے سوڈان میں نادرا کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے تعاون سے اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سول رجسٹریشن اور نادرا کے نظام میں سوڈان کو آئندہ بھی مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا۔

سوڈانی وزیر داخلہ کی جانب سے ویزا مسائل کی نشاندہی پر محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس کے علاوہ سوڈانی شہری پاکستان میں معیاری طبی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

دوسری جانب سوڈان کے وزیر داخلہ نے سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔

سوڈانی وزیر داخلہ نے مختلف شعبوں میں پاکستان کی معاونت پر وفاقی وزیر داخلہ اور حکومت پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی اور اسلام آباد پولیس کے سربراہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں خطے میں بحرانوں کی بڑی وجہ ہیں، پاکستان نے مکہ اتحاد کو امن و استحکام کا اقدام قرار دیا ہے۔

November 7, 2026

پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا کا بدر ایم او یو دفاعی صنعت، ٹیکنالوجی اور مشترکہ پیداوار میں تعاون بڑھانے کی اہم پیش رفت ہے۔

November 6, 2026

سعودی اتحاد نے مکہ ریجن کی جانب آنے والے ڈرون کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

November 6, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *