پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلا دیش کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں متنازع ڈی آر ایس ریویو پر باضابطہ احتجاج درج کرا دیا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے میچ کے آخری اوور میں بنگلا دیش کے ریویو کے معاملے پر امپائر کے فیصلے کے خلاف میچ ریفری نعیم الراشد سے شکایت کی۔
آخری اوور کی پانچویں گیند کو امپائر نے رشاد حسین کی گیند وائیڈ قرار دیا تھا تاہم بنگلا دیش کے کپتان نے ٹی وی اسکرین پر ری پلے دیکھنے کے بعد ریویو لے لیا۔
ریویو کے وقت پاکستان کو جیت کیلئے دو گیندوں پر 12 رنز درکار تھے۔ ریویو کے بعد امپائر نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور پاکستان کو ایک گیند پر 12 رنز درکار رہ گئے۔
پاکستان ٹیم مینجمنٹ کا مؤقف ہے کہ ٹی وی اسکرین پر ری پلے چلنے کے بعد ریویو نہیں لیا جا سکتا تھا، اس لیے امپائر کا فیصلہ قوانین کے خلاف تھا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے میچ ریفری کو معاملے میں غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے وضاحت اور ممکنہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔