اسلام آباد/کابل: پاکستان اور افغانستان کے جید علماء نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مستقل جنگ بندی پر زور دیا ہے اور عیدالاضحیٰ تک سیز فائر میں توسیع کی اپیل کی ہے۔
علماء کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، اس لیے کشیدگی اور تصادم دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جاری کشیدگی کے باعث عام شہری متاثر ہو رہے ہیں، لہٰذا انسانی ہمدردی اور اسلامی تعلیمات کے پیش نظر فوری اور مستقل جنگ بندی ناگزیر ہے۔
علماء نے عیدالفطر کے موقع پر جاری سیز فائر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسے عیدالاضحیٰ تک بڑھایا جائے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
مشترکہ اعلامیے میں دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کو ترجیح دی جائے اور طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے۔
علماء نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے، امن اور استحکام کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
دیکھئیے:امریکی دباؤ کے آگے جھکاؤ؟ طالبان نے ڈالرز کے بدلے امریکی شہری رہا کر دیا