پاکستان کی جانب سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں افغان طالبان کے وفد کو مدعو نہ کرنے پر کابل میں ناراضی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
افغان طالبان کی وزارتِ خارجہ کے عہدیدار ذاکر جلالی نے تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والے اس اہم اجلاس میں شرکت کی دعوت نہ ملنے پر تحفظات اور ناراضی ظاہر کی ہے۔
سفارتی ذرائع اور مبصرین کے مطابق پاکستان نے طالبان حکومت کے وفد کو یہ دعوت افغانستان کی سرزمین سے پاکستان مخالف دہشت گرد گروہوں کی مبینہ حمایت اور کارروائیوں کے باعث نہیں دی۔
اس مؤقف کے حامی حلقوں کا کہنا ہے کہ علاقائی تجارت اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں، اس لیے امن و استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔
مبصرین کے مطابق طالبان حکومت کے حوالے سے پاکستان کے اس دوٹوک مؤقف کو عالمی سطح پر بھی تائید حاصل ہے، کیونکہ امریکہ اور چین بھی کابل انتظامیہ پر دہشت گرد گروہوں کو قابو میں رکھنے میں ناکامی پر تنقید کر چکے ہیں۔





