پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان موجودہ حالات میں سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کو تیار ہے۔
عرب اخبار الشرق الاوسط کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو دفاعی مقاصد کے لیے فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں دفاعی معاونت، فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد مکہ دفاعی اتحاد کی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت شروع ہو چکی ہے۔ پاکستان نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں ہونے والی ملاقات کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ملاقات میں شرکت پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کا اظہار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے مطابق چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔





