حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی، پیٹرول 335 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 364 روپے فی لیٹر مقرر
ملک بھر میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے ریلیف کی خبر سامنے آگئی، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد دونوں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 12 نومبر سے ہوگیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 335 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 364 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکل اور نجی گاڑیاں استعمال کرنے والے شہریوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، جبکہ ڈیزل سستا ہونے سے مال بردار گاڑیوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے اخراجات میں بھی کمی آسکتی ہے۔





