وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کے ہمراہ مکہ مکرمہ میں عمرے کی سعادت حاصل کر لی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفد کے ہمراہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جمعہ کو مکہ مکرمہ پہنچے جہاں مسجد الحرام آمد پر مکہ مکرمہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا گرمجوشانہ استقبال کیا۔ عمرہ کی ادائیگی سے قبل پاکستانی وفد کو خانہ کعبہ کے اندر حاضری کی بھی خصوصی سعادت حاصل ہوئی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل تھے۔
اس سے قبل جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز اور سعودی وزیر ماحولیات انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے۔ دورے کے دوران سعودی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری، علاقائی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔