پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماؤں نے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو مشترکہ خط لکھ دیا ہے۔
خط لکھنے والوں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری شامل ہیں۔ اسیر رہنماؤں نے اپنے وکیل کے ذریعے دونوں چیف جسٹس صاحبان کو خط ارسال کیا۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو ٹھوس شواہد کے بغیر مقدمات اور سزاؤں کا سامنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی سیاسی رعایت یا خصوصی سلوک کے خواہش مند نہیں بلکہ آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔
اسیر رہنماؤں نے خط میں عمران خان کی طبی سہولیات کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ نے 18 اگست 2026 کو بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے کے لیے ماہر امراض قلب اور آنکھوں کے ڈاکٹر پر مشتمل میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں تک رسائی اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اسیر رہنماؤں نے دونوں کی جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق بھی سنگین تحفظات کا اظہار کیا۔
خط کے مطابق جیل کی دیواروں کے پیچھے بھی شہریوں کے آئینی حقوق ختم نہیں ہوتے۔ اسیر رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے جیل اصلاحات کے لیے قومی سطح پر اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم کے آئینی حقوق اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونا ان اصلاحات کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان کی اہلخانہ، وکلا اور بیٹوں سے ملاقاتوں کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی اپیل کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قید سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کے زیر التوا مقدمات اور اپیلوں کے فیصلے غیرجانبدارانہ اور فوری طور پر کیے جائیں۔ اس کے علاوہ عدالتی کارروائی کو سیاسی اور انتظامی مداخلت سے پاک رکھنے اور عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب کرنے کی بھی درخواست کی گئی۔
خط کے اختتام پر اسیر رہنماؤں نے زور دیا کہ اگر عدالتیں فوری انصاف فراہم نہیں کر سکتیں تو کم از کم اپنے احکامات پر عملدرآمد ضرور یقینی بنائیں۔





