جشنِ آزادی کی سالانہ تقریبات کے سلسلے میں بلوچستان بھر میں مختلف کھیلوں کے مقابلے اور شاندار تقریبات جاری ہیں، جہاں سبز ہلالی پرچم تلے شہریوں بالخصوص نوجوانوں کا جذبۂ حب الوطنی نمایاں طور پر نظر آ رہا ہے۔
کوئٹہ کے تاریخی موسیٰ اسٹیڈیم میں 7 اگست سے جاری آزادی ایتھلیٹس مقابلوں کا فائنل معرکہ 9 اگست کو منعقد ہوا، جس میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
کھیلوں کی ان سرگرمیوں کے دوران کوئٹہ کی باصلاحیت باکسر عابدہ بتول نے اپنے پہلے بین الاقوامی باکسنگ مقابلے میں سری لنکن حریف کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔
عابدہ بتول کی اس شاندار کامیابی نے نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر کی خواتین کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کیے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان میں خواتین کے اسپورٹس ٹیلنٹ کا لوہا منوایا ہے۔
اپنے ایک بیان میں گولڈ میڈلسٹ عابدہ بتول کا کہنا تھا کہ ایک متعین مقصد پر توجہ مرکوز رکھنے سے کامیابی کا جذبہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو صرف اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے اور کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا چاہیے۔
بلوچستان میں جشنِ آزادی کی یہ سرگرمیاں نوجوان نسل کو قومی جذبے سے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
دیکھیے: باجوڑ: پاک فوج کا 6 دیہات کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد