اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں آج ایک اہم چار ملکی سفارتی اجلاس ہو گا۔
سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ایئر بیس پہنچے، جہاں اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ان کا یہ دورہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
اس سے قبل مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں اور دونوں رہنماؤں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دفتر خارجہ میں ملاقاتیں کیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق آج پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم اجلاس ہوگا، جس میں مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور مشترکہ سفارتی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسلام آباد اس وقت علاقائی سفارتکاری کا مرکز بنتا جا رہا ہے، جہاں بڑی اسلامی طاقتیں مل کر خطے میں امن کے لیے اقدامات پر مشاورت کر رہی ہیں۔
دیکھئیے:ایران جنگ خطے کو دہائیوں کی تباہی میں دھکیل سکتی ہے، ترک انٹیلی جنس چیف ابراہیم قالن کا انتباہ