سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں آئل ریفائنری پر فضائی حملے کے نتیجے میں ایک نیپالی شہری ہلاک اور مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت توانائی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حملے کے بعد ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث تنصیب کے بعض آپریشنز عارضی طور پر روک دیے گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ہنگامی اور تکنیکی ٹیموں نے واقعے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔
حکام کے مطابق ریفائنری کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
دوسری جانب یمن میں حوثیوں کے خلاف سرگرم سعودی قیادت کے فوجی اتحاد نے الزام عائد کیا ہے کہ جازان آئل ریفائنری کو حوثی گروپ نے نشانہ بنایا۔
اتحاد کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والے بیلسٹک میزائل کے لانچنگ پلیٹ فارم کو یمن کے شہر حدیدہ میں تباہ کردیا گیا۔
تاحال حوثی گروپ کی جانب سے اس مخصوص حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ حکام نے زخمیوں کی درست تعداد اور ان کی حالت سے متعلق بھی تفصیلات جاری نہیں کیں۔





