وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں کے سی او پی-31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ روانہ ہو گئے ہیں۔ وہ 10 سے 12 نومبر تک ترکیہ کے شہر انطالیہ میں قیام کریں گے، جہاں 11 نومبر کو عالمی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور مشیر طارق فاطمی بھی ترکیہ روانہ ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں عالمی برادری پر زور دیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
وہ پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ، قابل تجدید توانائی کی استعداد بڑھانے اور صاف و پائیدار توانائی کی جانب منتقلی کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی اجاگر کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے قابل بنانے کے لیے مالی معاونت کی ضرورت پر بات کریں گے۔ وہ اس مقصد کے لیے مستحکم، مناسب اور آسان شرائط پر موسمیاتی مالی وسائل کی فراہمی پر بھی زور دیں گے۔
متوقع ملاقاتیں
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور متعلقہ ممالک کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ان ملاقاتوں میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات بھی زیر بحث آئیں گے۔
سی او پی-31 کے عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون اور مشترکہ اقدامات کی حمایت کا اظہار ہے۔





