یمن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1,326 حملے کیے گئے، جن میں تقریباً 370 جنگجو ہلاک یا غیر مؤثر ہوئے۔ فوج کے مطابق کارروائیوں میں درجنوں فوجی گاڑیوں اور عسکری تنصیبات کو بھی تباہ یا ناکارہ بنایا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ آپریشن ڈان آف یمن کے تحت حوثیوں کے اجتماعات، فوجی گاڑیوں، قلعہ بند ٹھکانوں اور فائرنگ کی پوزیشنز کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کارروائیوں میں جنگی طیاروں اور ڈرونز نے بھی حصہ لیا۔
یمنی فوج کے بیان کے مطابق مارب کے مغرب میں مشرقی محاذ پر سرکاری فورسز نے پیش قدمی کی۔ جنوبی اور مغربی محاذوں پر بھی دباؤ بڑھایا گیا تاکہ حوثیوں کی نقل و حرکت اور کمک کی منتقلی محدود کی جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تعز میں سرکاری فورسز اور عوامی مزاحمتی گروپ نے متعدد پوزیشنز پر قبضہ کیا۔ اس دوران بھاری ہتھیار اور فوجی سازوسامان بھی تحویل میں لیا گیا۔
یمنی فوج کے ترجمان کے مطابق کارروائیوں میں شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔ فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حملوں سے پہلے فوجی اہداف کی تصدیق کی گئی۔





