یمنی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثی جنگجوؤں کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں 324 جنگجو ہلاک اور ان کی 108 فوجی گاڑیاں تباہ کردی گئیں۔
یمنی فوج کے ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ ہلاکتیں مجموعی طور پر 982 فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ہوئیں۔ ان کارروائیوں میں حوثیوں کے متعدد کمانڈرز بھی مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق طلوعِ یمن کے نام سے جاری آپریشن میں جنگی طیاروں، ڈرونز، توپ خانے اور راکٹ لانچرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کارروائیوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں، کمانڈ سینٹرز، فیلڈ کمانڈرز اور سنائپر پوزیشنز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
یمنی فوج کے مطابق حوثیوں کی 108 فوجی گاڑیاں بھی تباہ کی گئیں، جن میں بکتر بند گاڑیاں اور بھاری ہتھیار شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ جنوب مغربی صوبے تعز میں سرکاری افواج نے کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے پیش قدمی کی ہے۔ اس علاقے میں حوثی جنگجو دوبارہ منظم ہونے اور نئی فورس تشکیل دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے فوجی ڈھانچے اور جنگجوؤں کی نقل و حرکت کو فضائی حملوں اور توپ خانے کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سرکاری افواج بعض مقامات پر پیش قدمی جبکہ دیگر علاقوں میں دفاعی کارروائیاں کر رہی ہیں۔
بیان کے مطابق دارالحکومت صنعاء کے مشرقی محاذوں کے علاوہ الجوف، مارب اور البیضاء کے صوبوں میں بھی لڑائی جاری ہے۔ جنوبی اور جنوب مغربی محاذوں پر بھی فوجی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
یمنی فوج مختلف علاقوں میں حوثیوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگیں بھی ہٹا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ان سے لاحق خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔





