حجاج کرام کی واپسی کا آغاز، جدہ سے پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی
اسلام آباد: حجازِ مقدس سے پاکستانی حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔ پہلی پرواز پی آئی اے کی PK-732 جدہ سے روانہ ہ اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے حجّاجِ کرام کی واپسی کے اس مرحلے میں ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر محکمہ حج، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
مثالی انتظامات پر حاجیوں کا اظہار تشکر
واپس آنے والے حجاج کرام نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حج کے دوران سہولیات منظم اور معیاری تھیں، جس سے ان کا روحانی سفر آسان اور پرسکون رہا۔
پاکستان و سعودی حکومت کا مؤثر تعاون
وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے ایک بیان میں زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے رواں سال حج کے تمام مراحل کو مؤثر، منظم اور سہل بنانے کے لیے انتھک محنت کی اور خاص طور پر حاجیوں کی واپسی کے عمل کو شفاف اور آرام دہ بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے نہ صرف سفری اور رہائشی سہولیات کو بہتر بنانے پر توجہ دی بلکہ حاجیوں کی رہنمائی، طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی میں بھی اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا۔
حجاج کرام کی واپسی پر وفاقی وزیرِ داخلہ کا انتظامیہ کو خراجِ تحسین
طارق فضل چودھری نے سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ بھرپور تعاون اور مہمان نوازی کو بھی سراہا اور کہا کہ سعودی حکام نے پاکستانی عازمین حج کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کیں۔ سعودی حکومت نے انتظامی لحاظ سے حج کے پورے عمل کو سنبھالا وہ قابل تحسین اور مثالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے جس فراخ دلی سے پاکستانی عازمین کی خدمت کی، وہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔