ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعہ 20 ستمبر کو ہنگو میں پیش آیا۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دو بہادر افسران بھی شہید ہوئے۔
شہید ہونے والوں میں کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں۔ دونوں افسران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے اگلے مورچوں پر موجود تھے۔
کیپٹن ابوذر فاروق کی عمر 23 سال تھی۔ ان کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے تھا۔ لیفٹیننٹ شیراز بابر کی عمر 22 سال تھی۔ ان کا تعلق ضلع چکوال سے تھا۔
دونوں افسران نے جوانمردی سے مقابلہ کیا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ان کے ساتھ 4 اہلکار بھی شہید ہوئے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ اس کا مقصد مزید بھارتی سرپرستی میں موجود خوارج کا خاتمہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری ہیں۔ یہ وژن وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت حاصل کرنے والی دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہید جوانوں کی قربانیاں ملک کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔