وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبائی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے چار وزراء کو برطرف کردیا۔
ترجمان کے مطابق فارغ کیے گئے وزراء میں مینا خان آفریدی، شفقت آیاز، ظاہر شاہ طورو اور محمد سہیل آفریدی شامل ہیں۔ اس سے ایک روز قبل عاقب اللہ خان اور فیصل ترکئی نے استعفیٰ دیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید پانچ صوبائی وزراء کے استعفوں کا امکان ہے۔

نئی تقرریوں اور قلمدان کی تقسیم کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق باجوڑ سے منتخب ایم پی اے حمید الرحمان کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ارباب عاصم کو ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کا معاون خصوصی بنایا گیا ہے۔ یہ قلمدان فیصل ترکئی کے استعفے کے بعد خالی ہوا تھا۔
صحت کا محکمہ صوبائی وزیر خلیق الرحمان کے سپرد کردیا گیا ہے جبکہ فضل شکور کو محکمہ سیاحت کا نیا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد کو مکمل وزیر بنا دیا گیا ہے۔
مزید اعلامیے میں بتایا گیا کہ مشیر زاہد چن زیب کو محکمہ لیبر کا قلمدان دیا گیا ہے، صوبائی وزیر پختون یار کو کھیل کا محکمہ تفویض کردیا گیا ہے جبکہ سپورٹس کے وزیر فخر جہان کو محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سونپ دیا گیا ہے۔ اسی طرح مشیر صحت احتشام علی کو محکمہ ایکسائز کا قلمدان دیا گیا ہے۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ میں یہ ردوبدل حکومتی صفوں میں جاری اختلافات اور استعفوں کے دباؤ کا نتیجہ ہے۔
دیکھیں: خیبر پختونخوا آپریشن میں مبینہ طور پر بنگلہ دیشی دہشتگرد کی ہلاکت، تحقیقات شروع
 
								 
								 
								 
								 
								 
								 
								 
															