نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مختلف شہروں کی گلیوں، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جب کہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔
مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، درود و سلام کی محفلیں آقائے دو جہاں سے محبت کے اظہار کیلئے منعقد کی جارہی ہیں، فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں۔
جشن میلادالنبی ﷺ کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ توپوں کی سلامی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ہے۔
اس موقع پر مساجد میں نماز فجر میں ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
اسی مناسبت سے قومی سیرت النبی کانفرنس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔اسلام آباد میں عالمی سیرت کانفرنس کے علاوہ قومی قرآن و سیرت نمائش‘ کا بھی انعقاد ہوگا جس میں قرآن پاک اور سیرت النبی ﷺ سے متعلق نایاب مخطوطات، کتب اور ڈیجیٹل مواد پیش کیا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں خصوصی محفلِ نعت بھی آج رات منعقد ہوگی جس میں ملک بھر کے نامور نعت خواں شریک ہوں گے۔
ملک بھر میں آقا سے محبت کے اظہار کے لیے جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ کراچی میں مرکزی جلوس نمائش چورنگی سے برآمد ہوگا۔
اہلِ ایمان کی جانب سے کھانے تقسیم کیے جائیں گے اور مختلف تقریبات کا اہتمام ہوگا، جب کہ ٹی وی اور ریڈیو چینلز خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔
پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کیلئے 4480 خصوصی سیکورٹی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کا پیغام
صدر مملکت آصف زرداری نے جشن ولادت رسولﷺ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ یہ تاریخی اور یادگار موقع امت مسلمہ کے لیے نہ صرف خوشی اور عقیدت کا باعث ہے بلکہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں کو تعلیمات نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا عہد بھی ہے۔ 12 ربیع الاول کے ساتھ ولادت نبوی ﷺ کے پندرہ سو برس مکمل ہونے کی سعادت ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم نبی اکرم ﷺ کے عطا کردہ آفاقی اصولوں، عدل، رحمت، اخوت اور امن کو اپنے معاشرتی، سیاسی اور تہذیبی ڈھانچوں میں رائج کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ امت مسلمہ کے مسائل کا حل سیرتِ طیبہ میں مضمر ہے، تعلیمات نبوی کی روشنی میں معاشرے کو امن گہوارہ بنائیں گے۔
وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَالَمِينَ
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 6, 2025
12 ربیع الاول کے دن آج سے 1500 برس قبل سرزمینِ مکہ میں نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت نے ظلمتوں کو نور میں بدل دیا اور انسانیت کو عدل، رحمت، مساوات اور وحدت کی نئی راہیں دکھائیں۔ رواں سال، پاکستان سمیت پوری دنیا…
صدر مملکت اور وزیراعظم کے علاوہ وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی، سول و عسکری کمیونٹی کے نمائندہ رہنماؤں اور مذہبی شخصیات نے بھی اس موقع پر خصوصی پیغامات جاری کرتے ہوئے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دیکھیں: عالمی یوم حجاب: برقعہ انڈسٹری کی بڑھتی مقبولیت اور پاکستان میں برقعے کی تاریخ