بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنایا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ایک سہولت کار کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا اور اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں مزید تیز کر رہے ہیں۔
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ تاہم آپریشن کے دوران گرفتار افراد کی شناخت اور برآمد ہونے والے اسلحے یا دیگر تفصیلات تاحال سرکاری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
دیکھیے: افغانستان: بدخشان میں طالبان مخالف مزاحمتی گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ