سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ مکہ مکرمہ کے علاقے میں ایک ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔ تاہم ڈرون کی سمت، ہدف اور اسے بھیجنے والے فریق کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ مکہ ریجن میں ایک ڈرون کی نشاندہی کی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق ڈرون کو کارروائی کرتے ہوئے روک لیا گیا اور فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
سعودی اتحاد کے ترجمان نے یہ واضح نہیں کیا کہ ڈرون کہاں سے آیا تھا اور اسے کس نے بھیجا تھا۔ اس کے ممکنہ ہدف اور پرواز کے راستے سے متعلق بھی کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کو حالیہ عرصے میں متعدد مرتبہ حملوں کی لہروں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مکہ ریجن میں ڈرون روکنے کا واقعہ بھی ایسے ہی سکیورٹی حالات کے دوران سامنے آیا ہے۔
ایشین کپ بھی ملتوی
خطے میں سکیورٹی صورتحال کے اثرات کھیلوں کے عالمی مقابلوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے سعودی عرب میں ہونے والا 2027 ایشین کپ غیر معمولی حالات، سفری مشکلات اور لاجسٹکس کے مسائل کے باعث ملتوی کردیا ہے۔
ٹورنامنٹ پہلے 7 جنوری سے 5 فروری 2027 تک ہونا تھا، تاہم اب یہ مقابلے 23 دسمبر 2027 سے 21 جنوری 2028 تک منعقد ہوں گے۔ اے ایف سی کے مطابق نئی تاریخوں کی منظوری فیفا سے لی جائے گی، جبکہ مقابلے ریاض، جدہ اور الخبر میں کھیلے جائیں گے۔





