نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی۔ ملاقات میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر کم آمدنی والے طبقے کو معاشی مشکلات سے بچانے اور ان پر مالی بوجھ کم کرنے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات میں فریقین نے توانائی کی قیمتوں اور عوامی ریلیف کے معاملے پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتی ہے اور عام شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قومی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلسل مکالمہ اور مشاورت ضروری ہے۔





