راولاکوٹ کے علاقے دریک میں انتخابی عمل کے دوران بدنظمی اور پرتشدد واقعات پیش آئے ہیں، جہاں شریر عناصر کی جانب سے ماحول کو خراب کرنے اور انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد کے ایک گروہ نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے نزدیک اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے اور روڈ بلاک کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور امن و امان کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب حکام نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے منفی مواد اور مبینہ پرتشدد ویڈیوز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں جعلی پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر مصنوعی ذہانت اور پرانی ویڈیوز کا سہارا لے کر عوام میں سنسنی اور گمراہی پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے پھیلائی جانے والی افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔