نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر آئے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نےدفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں، علاقائی پیش رفت اور مشترکہ دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خوشگوار اور نتیجہ خیز ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران پاکستان اور کویت کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کو ایک نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سکیورٹی، افرادی قوت اور اقتصادی شعبوں میں شراکت داری کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے مختلف امکانات کا تفصیل سے جائز لیا گیا۔ اس کے علاوہ باقاعدہ مشاورت کے عمل اور اعلیٰ سطح کے سیاسی و سفارتی رابطوں کو آئندہ مزید فعال اور باقاعدہ بنانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔
گفتگو کے دوران علاقائی و بین الاقوامی امور بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور وہاں پیدا ہونے والے چیلنجز پر خاص توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں دائمی امن، استحکام اور تمام تنازعات کے پرامن حل کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
کویتی وزیر خارجہ کا یہ دو روزہ دورہ دونوں برادر ممالک کے سیاسی، دفاعی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔