ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس اور ایس ایس پی پونچھ خاور علی شوکت نے راولاکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے پرامن تحریک کا تاثر حقیقت کے برعکس ہے۔ شہر کی مختلف عمارتوں میں مسلح افراد مورچہ بند ہو کر سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت کے مطابق شرپسند عناصر کے ان حملوں کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار شہید جبکہ 15 پولیس و سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں نے ہر مرحلے پر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، تاہم فورسز پر جدید اسلحے سے حملوں کے بعد قانون کے مطابق جوابی کارروائی ناگزیر ہو گئی تھی۔
پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول، خودکار ہتھیار، گولہ بارود اور امریکی ساختہ جدید اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ برآمدگی اور فورسز پر فائرنگ کے واقعات سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے بیانیے کی نفی کرتے ہیں۔
ترجمان پولیس نے انکشاف کیا کہ ان شرپسند عناصر کے تانے بانے باہر سے ملتے ہیں جو آزاد کشمیر کا امن اور سماجی ہم آہنگی تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے اور اداروں پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور مسلح گروہوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
دیکھیے: جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا زہریلا بیانیہ: تحریکِ آزادی کے محسن بھی محفوظ نہیں