چھ ستمبر یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر مسلح افواج نے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے شہدائے پاکستان کو سلام پیش کیا۔
مسلح افواج کی جانب سے غازیوں اور شہداء کے اہلخانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ان کی قربانیوں اور خدمات پر اظہارِ تشکر بھی کیا گیا۔
6 ستمبر قومی عزم کی علامت
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر قومی اتحاد، جرات اور عزم کی لازوال علامت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ 1965ء کی جنگ میں پاکستانی قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی۔ قوم نے مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم کا مقابلہ کیا۔
شہداء نے فرض، غیرت اور قربانی کی اعلیٰ اقدار کی مثال قائم کی۔ ان کی قربانیاں آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
شہداء کے اہلخانہ کو خراج تحسین
آئی ایس پی آر کے مطابق میدانِ جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں وطن کے محافظوں نے عظیم قربانیاں دیں۔
بیان میں کہا گیا کہ شہداء کے اہلخانہ بھی عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کی دائمی علامت ہیں۔ قوم ان کے صبر اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
مسلح افواج نے یوم دفاع کے موقع پر شہدائے وطن، غازیوں اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔