افغانستان کے شمالی صوبے بدخشاں میں طالبان کے سکیورٹی کمانڈ مرکز کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ حملہ ضلع کوہستان راغ میں کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق منگل کی علی الصبح نامعلوم سمت سے سکیورٹی کمانڈ کی عمارت پر راکٹ فائر کیے گئے۔ راکٹ ہدف کے قریب آ کر گرے۔
حملے کے فوراً بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ تاہم راکٹ حملے میں ممکنہ جانی و مالی نقصان کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
طالبان فورسز سے جھڑپ
دوسری جانب بدخشاں کے ضلع زیبک میں طالبان فورسز اور افغانستان فریڈم فرنٹ (اے ایف ایف) کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اے ایف ایف نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ کے دوران طالبان حکومت کے 4 اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔
اے ایف ایف کے مطابق ہلاک اور زخمی طالبان اہلکاروں کو زیبک ڈسٹرکٹ کلینک اور فیض آباد ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دفاعی مبصرین کے مطابق بدخشاں اور ملحقہ شمالی اضلاع میں طالبان کے عسکری مراکز اور کمانڈ اسٹرکچر کو مسلسل حملوں کا سامنا ہے۔
ان کے مطابق ایسے واقعات طالبان کے سکیورٹی دعووں اور شمالی علاقوں میں اس کے کنٹرول پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
دیکھیے: طالبان قیادت میں بڑی تبدیلی؟ ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جگہ نیا نام سامنے آگیا