سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ہلاک ہونے والے شرپسند غیر ملکی سرپرستی میں سرگرم نیٹ ورک سے وابستہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 6 اور 7 ستمبر کو اضلاع خاران اور واشک میں کی گئیں۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
پہلی کارروائی ضلع خاران میں عمل میں لائی گئی۔ یہاں شرپسندوں نے شاہراہ بلاک کر کے عام ٹریفک کی نقل و حرکت روکنے کی کوشش کی تھی۔
سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا۔ شدید جھڑپ کے دوران غیر ملکی سرپرستی میں سرگرم 8 دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے۔
دوسرا آپریشن ضلع واشک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ فورسز نے دہشت گردوں کی کمین گاہ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ جائے وقوعہ سے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد شدہ بارود دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کی تیاری میں استعمال ہونا تھا۔ علاقے میں موجود ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے غیر ملکی پشت پناہی میں جاری دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔
دیکھیے: مٹہ میں سرچ آپریشن، دہشت گرد نیٹ ورک کے 6 مسلح افراد گرفتار