بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ مستونگ اور تربت میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کی کنک وادی میں فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں نے سکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کیا گیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مزید 7 دہشتگرد مارے گئے۔ شدید فائرنگ کے دوران سکیورٹی فورسز کا ایک جوان بھی زخمی ہوا۔
تربت میں 2 دہشتگرد ہلاک
دوسری جانب تربت کے علاقے جوسک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ علاقے میں فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش اور سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
دیکھیے: افغان طالبان کے 8 ڈرونز تباہ، طورخم اور کوہاٹ میں فضائی جارحیت ناکام