گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے لیے باقاعدہ مشاورت ہوئی ہے۔ ماضی میں بھی گورنر راج لگتے رہے ہیں اور یہ کوئی غیر آئینی اقدام نہیں ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس لانگ مارچ کی کوئی تیاری نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اب راہِ فرار اختیار کر رہے ہیں اور وہ جلد لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر دیں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت اسلام آباد پر چڑھائی کے دعوے کرتی ہے، مگر ان کے اپنے لوگ خود گرفتاریاں پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین میں گورنر راج کے نفاذ کی واضح گنجائش موجود ہے۔
صوبائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے مسائل، کرپشن، لاقانونیت اور دہشت گردی عروج پر ہے۔ صوبائی حکومت پولیس فورس کو ٹائیگر فورس میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت آئی جی، ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز کے تبادلے اور تقرریاں خود کرنا چاہتی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ وہ اس نوعیت کے ہر غیر قانونی اقدام کے سامنے مضبوط دیوار بنیں گے۔