پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے بی ایس ایف کی بلااشتعال فائرنگ سے 2 پاکستانی شہریوں کے قتل پر شدید احتجاج درج کرایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 2 اکتوبر کو انٹرنیشنل بارڈر پر بدیان سیکٹر میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی اہلکاروں نے بلااشتعال مہلک اور غیر متناسب طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان جاں بحق شہریوں کو نام نہاد ‘درانداز’ قرار دینے کی بھارتی کوشش کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعے کی فوری، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائے۔ ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پاکستان نے زور دیا کہ نئی دہلی تحقیقات کے نتائج اور کی گئی کارروائی سے اسلام آباد کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے۔
اعلامیے میں بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ طے شدہ بارڈر ایس او پیز کی پاسداری کرے، زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنائے۔