اسلام آباد میں زیر حراست ملزم محمد نعمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا اور اسپتال میں دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق ملزم کو چھڑانے کے لیے فائرنگ کی گئی
اسلام آباد میں تھانہ رمنا کی حدود میں زیر حراست ملزم محمد نعمان پولیس فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا اور اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس ٹیم محمد نعمان کو اس کے انکشاف اور نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی۔ اسی دوران راستے میں گھات لگائے موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کا مقصد زیر حراست ملزم کو چھڑانا تھا۔ فائرنگ کے دوران محمد نعمان اپنے ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے۔ زخمی محمد نعمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ بعد ازاں دم توڑ گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق محمد نعمان تھانہ رمنا کی حدود میں خودکشی کرنے والی طالبہ لائبہ اعجاز کے مقدمے میں ملزم تھا۔
پولیس نے واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیے ہیں۔





