وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری اسلام آباد کے علاقے جی ٹین میں مرحومہ لائبہ اعجاز کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کیس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے لائبہ اعجاز کیس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیس میں پوری ٹیم نے دن رات محنت کی اور اہل خانہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا ان کا فرض تھا۔
ملاقات کے دوران لوٹی گئی رقم واپس دلانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
لائبہ اعجاز کے والد نے وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سنا تھا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، لیکن آج ہمیں اس بات کا یقین ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ لائبہ اعجاز کے ساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کا الزام رکھنے والا ملزم گزشتہ روز پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق، ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔





