وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سوشل میڈیا پر سرگرم اور بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تمام افراد درحقیقت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ ان کی منفی اور اشتعال انگیز گفتگو سے پارٹی کو پاکستان میں شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے لکھا کہ بیرون ملک بیٹھے مفت خور یوٹیوبرز اپنے ملک اور پارٹی سے دور رہ کر صرف اور صرف اپنے ذاتی مفاد اور ڈالرز کمانے میں مصروف ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یہ یوٹیوبرز باہر کے ممالک میں بالکل محفوظ بیٹھ کر نوٹ چھاپ رہے ہیں، جبکہ ان کی اشتعال انگیزی اور گمراہ کن پوسٹس کا خمیازہ اور قیمت پاکستان کے اندر موجود پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کو بھگتنی پڑتی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال ملکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی کہ جس شخص کی حمایت کے دعوے کیے جا رہے ہوں، اسی کی مشکلات اور آزمائشوں کا سودا کر کے ڈالرز کمائے جا رہے ہوں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی حکومت میں تھی تو ان یوٹیوبرز کی عید لگی ہوئی تھی، اور آج جب پی ٹی آئی اقتدار میں نہیں ہے، تب بھی یہ افراد اسی نام کو بیچ کر اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں۔





