وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس میں مسلح افواج، پولیس اور عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں پولیس، سیف سٹیز منصوبوں اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کو درکار تمام وسائل فراہم کرے گی۔
انہوں نے صوبائی انتظامیہ کو انسدادِ دہشت گردی کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی صورتِ حال اور خیبر پختونخوا کو وفاق کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر امیر مقام، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور کور کمانڈر پشاور نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے تھے۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں دینے والوں کے اہل خانہ کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے۔





