وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے معاملے پر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی نہ ہونے والی سیاسی جماعت مائنس ہو جائے گی۔
رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو سیاسی جماعت دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈے کا حصہ نہیں بنے گی، وہ سیاسی منظرنامے سے باہر ہو جائے گی۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے 160 ارب روپے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کی وزیراعظم نے فوری منظوری دے دی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی ختم کیے بغیر عوام کی زندگی بہتر نہیں بنائی جا سکتی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ فی الحال 28ویں آئینی ترمیم پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی مسودہ سامنے آیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس معاملے پر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔





