ایک تازہ منظرعام پر آنے والی ویڈیو نے فتنہ الہندوستان سے وابستہ عناصر کے مظلومیت اور معاشی بدحالی سے متعلق دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔ اس ویڈیو میں ان عناصر کو انتہائی قیمتی اور جدید ترین امریکی ساختہ اسلحے کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے اندر نظر آنے والے مناظر سے واضح ہوتا ہے کہ مبینہ طور پر فاقہ کشی کا رونا رونے والے ان عناصر کے پاس قیمتی کیمرے، ڈیڑھ لاکھ کے لینز اور بیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جدید امریکی رائفلیں موجود ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف غربت اور محرومی کا سہار لے کر عوام کو ورغلایا جاتا ہے، جبکہ دوسری طرف اتنے بھاری مالیاتی حجم کا سامان اور فوجی معیار کا اسلحہ ان کے استعمال میں ہے، جو واضح تضاد کو ظاہر کرتا ہے۔
اس جدید ترین ملٹری گریڈ سامان اور نشریاتی آلات کی موجودگی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ اس گروہ کو غیر ملکی خاص طور پر بھارتی سرپرستی اور بھاری مالی معاونت حاصل ہے، جس کا مقصد خطے میں انتشار پھیلانا ہے۔
سیکیورٹی تجزئیہ کاروں کے مطابق یہ ویڈیو ثبوت ہے کہ ‘فتنہ الہندوستان’ کا بھوکے مرنے کا بیانیہ صرف عوامی ہمدردی حاصل کرنے اور تخریبی کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے کی ایک سستے پروپیگنڈے پر مبنی کوشش ہے۔





