وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف پروگرام کے تحت مستحق شہریوں کو سبسڈی پر پیٹرول فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر عمل درآمد، رجسٹریشن اور شفافیت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے سے زیادہ مستحق شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف سبسڈی اسکیم مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے دیگر اقدامات کے لیے بھی گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے پروگرام کی مؤثر نگرانی اور ڈیش بورڈ کی تیاری پر وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری فیول ریلیف پروگرام میں رجسٹر ہوچکے ہیں۔ ان میں ایک کروڑ 50 لاکھ 60 ہزار موٹر سائیکل مالکان جبکہ 4 لاکھ 49 ہزار 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔
حکام کے مطابق مستحق شہریوں کے لیے 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 سبسڈی ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 استعمال ہوچکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 4 نومبر 2026 تک اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 28 ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی جاچکی ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لیے صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کے الگ الگ کال سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سبسڈی کے لیے رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔





