قطر کے قریب سمندر میں ایک آئل ٹینکر کو دو نامعلوم گولہ نما اشیا سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ برطانوی بحری ادارے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے علاقے میں موجود دیگر جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
برطانوی بحری تجارتی آپریشنز ادارے (یو کے ایم ٹی او) نے بتایا کہ یہ واقعہ 4 نومبر کی رات 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔
ادارے کے مطابق آئل ٹینکر کو قطر کے شہر مدینۃ الشمال سے تقریباً 50 بحری میل شمال میں نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں استعمال ہونے والی اشیا کی نوعیت اور حملہ آوروں کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
واقعے کے بعد جہاز کے عملے کی حالت، ٹینکر کو پہنچنے والے نقصان اور سمندر میں تیل کے اخراج سے متعلق بھی فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
یو کے ایم ٹی او نے علاقے سے گزرنے والے دیگر تجارتی جہازوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث خلیج اور آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ خطے میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات سے بین الاقوامی بحری نقل و حرکت کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
دوسری جانب قطر جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔





