دیپالپور روڈ پر مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس ملتان سے قصور جا رہی تھی کہ دیپالپور روڈ پر ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں پیرا فورس اور پٹرولنگ پولیس کے 2 اہلکار بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 6 کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں مزید علاج کے لیے ساہیوال اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ مسافر بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ریسکیو ٹیموں نے تقریباً 3 گھنٹے تک امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔ اس دوران کرین اور بھاری مشینری کی مدد سے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو بس سے نکالا گیا۔
واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جبکہ اضافی ڈاکٹروں اور طبی عملے کو بھی طلب کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا اور ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے فوری اور بہتر علاج کی ہدایت کی۔





