متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں ٹرک کے متعدد گاڑیوں سے تصادم اور آتشزدگی کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق ٹرک ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا، جس کے بعد ٹرک پہلے ایک گاڑی سے ٹکرایا اور پھر سست رفتار ٹریفک میں موجود دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ حادثے میں پانچ ٹرکوں سمیت مجموعی طور پر 23 گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ تصادم کے بعد ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیگر گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔
فجیرہ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد 30 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے بعض کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ دیگر زیر علاج ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں اماراتی اور بھارتی شہری بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں پاکستانی، بھارتی، عمانی، برازیلی، اردنی اور مصری شہری شامل ہیں۔
حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ حادثے کے بعد پولیس، طبی اور شہری دفاع کی ٹیموں نے امدادی کارروائیاں مکمل کیں جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دیکھیے: اسپین میں مہنگائی اور مہنگے کرایوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال، جھڑپیں





