اسپین میں بڑھتی مہنگائی، مکانوں کے کرایوں میں اضافے اور رہائشی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف ملک گیر عام ہڑتال کی گئی، جس کے دوران بارسلونا اور میڈرڈ سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 73 افراد گرفتار کر لیے گئے۔
گیارہ نومبر کو ہونے والی یہ ہڑتال گزشتہ 14 سال کے دوران اسپین کی پہلی ملک گیر عام ہڑتال تھی۔ مزدور تنظیموں کے مطابق احتجاج میں تقریباً 40 لاکھ افراد نے شرکت کی۔ ہڑتال کے باعث ٹرانسپورٹ، فیکٹریوں، بندرگاہوں اور کاروباری مراکز کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ متعدد دکانیں بھی بند رہیں۔
بارسلونا میں احتجاج کے دوران بعض مظاہرین نے کوڑے کے ڈبوں اور سڑکوں پر موجود سامان کو آگ لگا دی، دکانوں کے شیشے توڑ دیے اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ میڈرڈ میں بھی پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
مزدور تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رہائش کے بڑھتے اخراجات کم کرنے، مناسب تنخواہوں اور عام شہریوں کے لیے سستے گھروں کی فراہمی کے اقدامات کیے جائیں۔ اسپین میں گزشتہ 10 برس کے دوران مکانوں کے کرایوں میں تقریباً دوگنا اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث خصوصاً نوجوانوں کے لیے رہائش حاصل کرنا مشکل ہو گیا ہے۔





