بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو علاج کی غرض سے ہسپتال منتقل کرنے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست وکلا سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر کی گئی، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا جائے اور طبی معائنے و سرجری کے لیے تمام ضروری سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو مناسب نگہداشت اور علاج کے لیے فوری طور پر کسی مستند خصوصی ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔
درخواست کے مطابق 10 نومبر کو جیل میں ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے آگاہ کیا تھا، جبکہ بشریٰ بی بی نے 15 نومبر کو ممکنہ آنکھ کی سرجری سے متعلق بھی بتایا۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو دیکھنے میں دشواری اور آنکھ میں تکلیف کا سامنا ہے، تاہم شکایت کے 7 سے 8 روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے مطابق ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ ان کی آنکھ کی اہم سرجری درکار ہے اور اس دوران بینائی ضائع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
وکلا نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے تحفظ، بروقت طبی معائنے اور ضروری سرجری کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا جائے۔
دیکھیے؛ عمران خان کو قانونی حقوق ملیں گے، پورا نظام ری سیٹ ہونے والا ہے، محسن نقوی





