پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ مریم نواز کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑا تو انہیں وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے وقت سے بھی چار ووٹ زیادہ ملیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے یا وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں۔
وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں، تاہم مریم نواز کے خلاف سات ارکان اسمبلی بھی نہیں جبکہ 70 ارکان کی مخالفت کا تاثر درست نہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز کی مخالفت کرنے والوں میں سے بیشتر کی وجہ یہ ہے کہ وہ ایک خاتون ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا کوئی رکن اسمبلی نواز شریف کے ٹکٹ کے بغیر انتخاب جیتنے کی جرات نہیں کرسکتا۔
فارورڈ بلاک کی تردید
صوبائی وزیر نے پارٹی میں فارورڈ بلاک بننے، وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد اور مریم نواز کی تبدیلی سے متعلق افواہوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک احمد خان کو وزیراعلیٰ بنانے کا کوئی اشارہ نہیں ملا اور نہ ہی وہ اس عہدے کے خواہش مند ہیں۔
رانا سکندر حیات کے مطابق وزرا کو وزیراعلیٰ مریم نواز سے براہ راست رابطے کی سہولت حاصل ہے اور وہ اپنے مسائل ان کے سامنے رکھ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے وزرا کو ملاقات کے لیے کئی دن انتظار کرنا پڑتا تھا، تاہم اب مسائل فوری حل ہوجاتے ہیں۔
مریم نواز کی مقبولیت
پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ گھوسٹ طلبہ کی نشاندہی کرکے انہیں تعلیمی نظام سے نکالا گیا ہے، نصابی کتابوں کی لاگت کم کی گئی اور کلاس رومز کی تعمیر میں اخراجات بچائے گئے ہیں۔
انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اسکولوں کا معیار بہتر بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی سرکاری اسکول میں طالبات کو انگریزی اور کمپیوٹر سائنس پڑھاتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ 90 فیصد خواتین اور 90 فیصد نوجوان مریم نواز کو ووٹ دیں گے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت 2029 تک برقرار رہے گی اور آئندہ عام انتخابات میں پارٹی کلین سویپ کرے گی۔
رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ بعض لوگ اس امکان سے خوف زدہ ہیں کہ مریم نواز 2029 میں وزیراعظم بن سکتی ہیں۔ انہوں نے خواجہ آصف کو اپنا پسندیدہ رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں مختلف رہنماؤں کی اپنی خواہشات ہوتی ہیں۔





