پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان صوبوں کو چھوٹے انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کے حامی رہے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ صوبوں کا حجم کم ہونا چاہیے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان سے براہ راست بات چیت ہونی چاہیے۔ اگر بانی پی ٹی آئی تک پارٹی کے تمام رہنماؤں کو رسائی دی جائے تو مذاکرات کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر سے بھی کہا گیا ہے کہ ان سے اصولی بنیادوں پر بات کی جائے، جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ آگے کیا راستہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔
عمران خان تک رسائی
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تک سب کی رسائی ضروری ہے تاکہ معاملات پر براہ راست گفتگو ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ القادر کیس کی اپیلوں پر جس تیزی سے اصرار کیا جارہا ہے، اس سے تشویش پیدا ہورہی ہے۔
صوبوں کی تقسیم سے متعلق مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ صوبوں کو چھوٹا کرنے اور انتظامی یونٹس قائم کرنے کی بات کرتے رہے ہیں، تاہم مذاکرات صرف اسی ایک معاملے تک محدود نہیں ہوں گے۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے بشریٰ بی بی کو ریلیف دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو اپنی مرضی کے ہسپتال منتقل ہونے کی سہولت ملنی چاہیے۔





