بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے: پاکستان

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کر سکتا، پاکستان

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیوں کو مسترد کر دیا۔

November 19, 2026

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور پاکستان آنے والے دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے 24 کروڑ سے زائد شہریوں کی زندگی، روزگار اور علاقائی امن متاثر ہو سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا کہ کوئی ملک مشترکہ قدرتی وسائل کو سیاسی دباؤ یا اپنے مقاصد کے حصول کے لیے استعمال نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026ء کے فیصلے میں بھی تصدیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔

یہ اجلاس سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کی میزبانی میں ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقد ہوا۔

پاکستان کی تین تجاویز

سفیر عثمان جدون نے قدرتی وسائل سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے تین اہم ترجیحات پیش کیں۔ ان میں تنازعات کی بنیادی سیاسی اور انتظامی وجوہات کا خاتمہ، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور جامع سیاسی مفاہمت شامل ہیں۔

انہوں نے غیر قانونی تجارت اور تنازعات کی مالی معاونت روکنے کے لیے سپلائی چین میں شفافیت اور عالمی تعاون پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو اپنے قدرتی وسائل سے فائدہ پہنچانے کے لیے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی سطح پر پیداوار و پراسیسنگ کو فروغ دینا ضروری ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ قدرتی وسائل کو تنازعات کے بجائے پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور امن کا ذریعہ بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

بھارتی مؤقف پر حقِ جواب

اجلاس میں بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری انصار شاہ نے حقِ جواب استعمال کرتے ہوئے بھارتی مؤقف کو مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا حق نہیں رکھتا۔ یہ دو ممالک کے درمیان ایک پابند بین الاقوامی معاہدہ ہے اور اس میں کسی ایک فریق کو یکطرفہ طور پر اس کی معطلی کی اجازت نہیں دی گئی۔

انصار شاہ نے بھارتی مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت کے نزدیک 1960ء کا سندھ طاس معاہدہ پرانا ہو چکا ہے تو کیا اقوام متحدہ کا منشور بھی فرسودہ قرار دیا جا سکتا ہے، جو اس سے بھی پہلے نافذ ہوا تھا؟

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کو بین الاقوامی قانون کے تحت تسلیم شدہ حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے۔

پاکستانی فرسٹ سیکرٹری نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے داخلی معاملات پر تبصروں کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ پاکستان ایک قانون پسند اور ذمہ دار ریاست ہے، جہاں شہریوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے اور بنیادی حقوق استعمال کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

انصار شاہ نے زور دیا کہ بھارت کو بین الاقوامی معاہدوں، عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی زندگیوں اور روزگار کے لیے ضروری پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا کسی معاہدے پر نظرثانی نہیں بلکہ دباؤ ڈالنے کا حربہ ہے۔

دیکھیے؛ بھارت نے آزادیٔ صحافت پر لیکچر کے لیے مدعو ناروے کی صحافی کا ویزا منسوخ کر دیا

متعلقہ مضامین

ایرانی فورسز نے تائیباد سرحد پر کارروائی کے دوران افغان اسمگلروں سے منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

November 19, 2026

گلگت بلتستان کے عوام قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلی اور سفری مشکلات سے دوچار ہیں، مگر مستقل تحفظ کے اقدامات اب بھی ضروری ہیں۔

November 19, 2026

میرعلی میں بارودی مواد کی لیبارٹری تباہ، آئی ای ڈیز اور کواڈ کاپٹرز برآمد۔

November 19, 2026

اینکر ربیعہ احسن کی موت کے مقدمے میں شوہر احسن طاہر خان کی دو لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کر لی گئی۔

November 19, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *