دنیا بھر میں ویڈیو گیمز کے شائقین کا طویل انتظار ختم ہوگیا۔ معروف گیمنگ کمپنی راک اسٹار گیمز نے اپنی مقبول ایکشن ایڈونچر سیریز کا نیا حصہ گرینڈ تھیفٹ آٹو سکس (جی ٹی اے 6) جاری کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ گیم 13 سال کے وقفے کے بعد سامنے آئی ہے اور ابتدائی جائزوں میں اسے غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے۔
رائٹرز کے مطابق گیم کی عالمی ریلیز جمعرات 19 نومبر کو مرحلہ وار شروع ہوئی۔ اس کی پہلی لانچ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہوئی، جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں مقامی وقت کے مطابق اسے دستیاب کیا جا رہا ہے۔
گیم کی تیاری پر ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔ اسے پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس کنسولز کے لیے جاری کیا گیا ہے، تاہم پی سی ورژن کی ریلیز سے متعلق کوئی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
راک اسٹار گیمز کے مطابق جی ٹی اے سکس کی کہانی دو مرکزی کرداروں، جیسن اور لوشیا، کے گرد گھومتی ہے۔ گیم کا مرکزی مقام وائس سٹی ہے، جو امریکی شہر میامی سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔ اس بار گیم میں جدید گرافکس اور حقیقت سے قریب تر ماحول پیش کیا گیا ہے۔
غیر معمولی پذیرائی
گیم کے ابتدائی جائزوں نے اسے ویڈیو گیمز کی دنیا میں نمایاں مقام دلایا ہے۔ میٹا کرٹک کی درجہ بندی میں اسے 99 اسکور ملا ہے، جو اب تک صرف ایک دوسری گیم دی لیجنڈ آف زیلڈا: اوکارینا آف ٹائم نے حاصل کیا تھا۔
سڈنی سے تعلق رکھنے والے ایک گیمر آصف میر نے گیم ریلیز ہونے کے فوراً بعد اسے کھیلنا اور براہِ راست نشریات شروع کر دیں۔ ان کے مطابق جی ٹی اے سکس اب تک بنائی گئی بہترین گیمز میں سے ایک ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ گیم اس کے ڈویلپر ادارے ٹیک ٹو انٹرایکٹو کے لیے اربوں ڈالر کی آمدنی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ اس کی ریلیز کے بعد کمپنی کے امریکی حصص کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
جی ٹی اے سیریز کا آغاز 1997 میں ہوا تھا اور اس کے بعد سے یہ دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم سیریز میں شامل ہو چکی ہے۔ نئی گیم کی ریلیز کے موقع پر لاکھوں کھلاڑی اسے اپنے کنسولز پر ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔





