امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ جوہری خطرے کی روک تھام کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ سابق امریکی صدر جارج بش نہیں ہیں اور ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکیں گے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران جوہری طاقت بن گیا تو وہ اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرے گا، اسی لیے ایران کو یہ صلاحیت حاصل کرنے سے روکنا ضروری ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس تقریباً 4 ہزار جوہری ہتھیار ہیں اور روس اس حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ چین کے پاس تقریباً 600 جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ ان کے بقول اگلے 10 برس میں چین جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے لحاظ سے امریکا کے برابر پہنچ سکتا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ان کے پہلے دورِ صدارت میں امریکی جوہری ہتھیاروں کو جدید بنایا گیا اور نئے ہتھیار بھی تیار کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور صدر ان کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ جوہری ہتھیاروں کی تعداد نصف کردی جائے یا دنیا کو ان ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کی کوشش کی جائے۔
ٹرمپ نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ ادارہ اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے۔ ان کے مطابق کسی ملک کے سربراہ کو گرفتار کرنے کا اس عدالت کے پاس کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ چین نے پہلی مرتبہ اس عدالت کی مذمت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔





