خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے 4 دہشت گردوں میں افغان شہری اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ قاری متی اللہ عرف ملا یاسر بھی شامل تھا۔ اس کا تعلق افغانستان کے صوبے ننگرہار سے بتایا گیا ہے۔
ایکس پر جاری ایک بیان کے مطابق قاری متی اللہ کی ہلاکت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کی مبینہ شمولیت کی نشاندہی کرتی ہے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب تک پاکستان میں ٹی ٹی پی کے ساتھ لڑتے ہوئے ہلاک ہونے والے 260 سے زائد افغان شہریوں کی شناخت کی جاچکی ہے۔ یہ تعداد صرف ان افراد پر مشتمل ہے جن کی ہلاکت اور افغان شہریت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ اس میں نامعلوم افغان ہلاک شدگان اور ٹی ٹی پی کے ساتھ اب بھی سرگرم افغان شہری شامل نہیں ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان شہریوں کی دہشت گردی میں مبینہ شمولیت سے پاکستان کے ان تحفظات کو تقویت ملتی ہے کہ طالبان حکومت کے دور میں افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہی ہے۔





